سنی تحریک کاملک بھر سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ

سنی تحریک کاملک بھر سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ

رکنیت سازی کیلئے مہم چلائی جائیگی،کارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں، ثروت قادری ،عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو تحریک شروع کرنے پر مجبور ہونگے، اجلاس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کی زیر صدارت مرکز اہلسنّت پر عوامی مسائل پر آواز اٹھانے اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے مرکزی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ اور تمام صوبوں میں ہم خیال سیاسی جماعتوں سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور انتہا پسندی کے خلاف ملک گیر احتجاجی جلسوں کا اعلان کرتے ہیں، ہر ڈویژن میں جلسہ منعقد کیا جائیگا، جس میں عوامی مسائل پر آواز بلند کی جائے گی۔ ثروت قادری کا مزید کہنا تھا کہ حکمران طبقے نے غریب عوام کو تین سال 6 ماہ میں مہنگائی سے نجات دلانے کے بجائے مہنگائی کو آسمان کی بلندی پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنّت عوام کو ووٹ کی طاقت سے اپنا حق لینا ہوگا، پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے حکومت کے پاس فارمولہ نہیں ہے تو ہم انہیں غربت سے نجات اور معاشی ترقی کی پالیسی کا فارمولہ دینے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں رکنیت سازی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کی تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائیگا، عوام کو کسی طور بھی تنہا نہیں چھوڑینگے، عوامی مسائل حل نہ ہوئے تو پھر سڑکوں پر تحریک کا آغاز کرنے پر مجبور ہونگے، کارکنان عوامی رابطہ مہم تیز کر دیں۔ اس موقع پر شاداب رضا نقشبندی، فہیم الدین شیخ، طاہر اقبال چشتی و دیگر بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں