ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں من مانا اضافہ، جھگڑے معمول بن گئے

ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں من مانا اضافہ، جھگڑے معمول بن گئے

شہریوں سے 10 سے 20 روپے اضافی وصول کرنے لگے، اندرون سندھ بھی 500 روپے تک کرایے بڑھا دیے گئے ،کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا، سمری حکام کو ارسال کردی، صورتحال بگڑ سکتی ہے، ٹرانسپورٹرز کا عندیہ

کراچی (رپورٹ: آصف سہتو) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہو سکی، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد صوبائی حکومت نے تاحال ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر کرایے طے نہیں کئے، جس کے باعث عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں ہی پریشان ہیں ۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پچھلے 11 برس میں کراچی کے ٹرانسپورٹرز نے کوئی اضافہ نہیں کیا جبکہ پنجاب حکومت اس دوران 5 مرتبہ کرایوں میں اضافہ کر چکی ہے جو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ پٹرول ، ڈیزل اور سی این جی کی قیمت میں بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ذرائع کے مطابق اب تک جتنا کرایہ مانگ رہے ہیں وہ نہیں ملتا، لہٰذا مجبوراً 10 سے 20 روپے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرانسپورٹرز نے اپنی بسوں کو یا تو میت بسوں یا پھر واٹر ٹینکرز میں تبدیل کر دیا ہے ۔ دوسری جانب شہرِ قائد میں طلبہ و طالبات کیلئے تعلیم کا حصول اور ملازمت پیشہ افراد کیلئے نوکری کی غرض سے ڈیوٹی پر پہنچنا مشکل ہوگیا۔ کنڈیکٹرز اور ڈرائیورز اپنی مرضی کے کرایے وصول کر رہے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ مالکان نے پہلے سے آخری اسٹاپ کے کرایے میں یکمشت 20 روپے کا اضافہ کردیا۔ سفر کرنے والے شہریوں سے بس کنڈیکٹرز اور ڈرائیورز کے جھگڑے معمول بنے ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے بھی تاحال کرایوں میں اضافہ کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکا ہے، جس کے باعث صورتحال روز بروز مزید خراب ہورہی ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کیا ہوا تو دوسری جانب غریب شہریوں کا سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کئی بار اجلاس بلا کر سمری حکام کو ارسال کی لیکن اس کا آج تک کوئی جواب موصول نہیں ہو سکا، جس کے باعث آنے والے دنوں میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ عمر کوٹ سے کراچی آنے والی بس کا کرایہ 400 لیا جاتا تھا، اب 900 لیا جانے لگا ہے۔ کراچی سے حیدرآباد کا کرایہ بھی 100 سے 200 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں