بلدیہ کورنگی،ماڈل پارک میں پھولوں کی نمائش کا آغاز

بلدیہ کورنگی،ماڈل پارک میں پھولوں کی نمائش کا آغاز

تفریحی سہولتوں کیلئے اسٹالز بھی قائم، میونسپل کمشنربلدیہ کورنگی نے افتتاح کیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی کے تحت کورنگی نمبر 5 ماڈل پارک میں پھولوں کی نمائش کا آغاز ہوگیا، ہزاروں کی تعداد میں انواع اقسام کے پھول اور پودے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں بچوں، بڑوں اور بزرگوں کی تفریحی سہولتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹالز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی ارشاد احمد نے پی پی پی ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ کے ہمراہ کورنگی ماڈل فیملی پارک کے وسیع و عریض رقبے پر لگا ئے گئے پھولوں کی نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین ڈسٹرکٹ کورنگی کی صدر روہینہ ابرار، اعظم خان درانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی ارشاد احمد نے کہاکہ بلدیہ کورنگی علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اقدامات کے ساتھ ساتھ تفریحی سہولتیں بھی فراہم کررہی ہے ۔ انہوں بتایا کہ محکمہ پارکس بلدیہ کورنگی نے اپنی شب و روز کاوشوں سے عوام کے لئے خوبصورت پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا، میں بلدیہ کورنگی محکمہ پارکس کے افسران خصوصاً مالی سمیت تمام ملازمین کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تعاون سے بلدیہ کورنگی کو مثالی بنا ئیں گے۔ اس موقع پر پی پی ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ نے کہا کہ بلدیہ کورنگی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے خوبصورت پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں