تیز رفتار گاڑیوں نے طالبعلم سمیت 6 افراد کی جانیں لےلیں، 3 زخمی

تیز رفتار گاڑیوں نے طالبعلم سمیت 6 افراد کی جانیں لےلیں، 3 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متوفی کی شناخت 21 سالہ عبدالواسع ولد عامرکے نام سے ہوئی جو نارتھ ناظم آبا د کا رہنے والا اور نجی یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔ پولیس کے مطابق ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا۔

شاہ لطیف کے علاقے نیشنل ہائی وے منزل پمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 21 سالہ اکمل حسن ولد زین حسن کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی کی شناخت 18 سالہ محمد حسن ولد محمد اکرم کے نام سے کی گئی۔ متوفی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 22 سالہ عبداللہ ولد فرید کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی کی شناخت18 سالہ عاصم ولد اسماعیل کے نام سے ہوئی۔ متوفی اپنے دوست کے ہمراہ کسی سے ملنے آیا تھا کہ حادثہ رونما ہوگیا۔ سعید آباد تھانے کی حدود بلدیہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

متوفی کی عمر 20 سال کے قریب ہے اور فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے احسن آباد فیز 2 انڈسٹریل ایریا کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت31 سالہ اشفاق کے نام سے ہوئی جو اسی علاقے کا رہنے والا تھا۔ ڈاکس کے علاقے مائی کلاچی روڈ این ایل سی بلڈنگ کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 60 سالہ حیدر محمد ولد آل محمد کے نام سے ہوئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں