وفاقی حکومت کی کارکردگی بیانات تک محدود ، شاہی سید

 وفاقی حکومت کی کارکردگی بیانات تک محدود ، شاہی سید

کراچی (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی صرف سوشل میڈیا پر بیانات کی حد تک محدود ہے ، صوبائی حکومت بھی کراچی شہر میں ا پنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔

 وہ اے این پی یوسی 6 منگھوپیر کی جانب سے نیا ناظم آباد میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا منگھوپیر اور ضلع غربی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، ملک کی سب سے بڑی ماربل انڈسٹری منگھوپیر روڈ پر واقع ہے لیکن منگھوپیر روڈ گزشتہ کئی برسوں سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، ماربل انڈسٹری سے ٹیکس تو وصول کیا جاتا ہے لیکن انہیں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے، کراچی شہر میں ہم برابری کی بنیاد پر حقوق چاہتے ہیں، کراچی شہر کی تعمیر اور ترقی کے لیے ہم سب کو متحد ہونا پڑے گا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا کہ اے این پی اقتدار کے بجائے اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ، ہمیں سیاسی میدان سے کسی بھی صورت الگ نہیں کیا جاسکتا، کراچی شہر میں ہمیں اپنے آنے والی نسلوں کی بقا کی خاطر متحد ہونا پڑے گا، موجودہ کالے بلدیاتی قانون کو مسترد کرتے ہیں، اس شہر کو کسی ایک قوم یا فرقے کا شہر بننے نہیں دینگے ۔ کنونشن میں درجنوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں