صدر موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کے 3 ملزمان گرفتار

صدر موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کے 3 ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، واردات کا ماسٹر مائنڈ کمپنی ملازم 2 ڈکیت ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 10 جنوری کو ملزمان موبائل سیل سینٹر صدر میں اسلحہ کے زور پر 46 لاکھ روپے، چیکس اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی موجود ہے، جس میں ملزمان کو وا ضح طور پر واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے واقعہ میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اسد کمپنی کا ملازم ہے، اس نے کمپنی میں لاکھوں روپے کی ٹرانزیکشن دیکھ کر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا اور ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر واردات کی۔

ملزم معراج عادی جرائم پیشہ اور قتل، اغوا و ڈکیتی کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے، جبکہ ملزم شاہ زیب بھی موبائل مارکیٹ میں ہی کام کرتا ہے۔ مفرور ملزمان اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمدہ کار نمبر AZE-234 تھا نہ نیو ٹاؤن سے سرقہ ہے، جس کا مقدمہ الزام نمبر 566/2021 درج ہے۔ ملزمان سے ساڑھے چھ لاکھ روپے، ڈکیتی کی رقم سے خریدی گئی نئی 125 موٹر سائیکل اور ایک نیا آئی فون بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں