آج ملیر سے مزار قائد اعظم تک کسان مارچ کا اعلان

آج ملیر سے مزار قائد اعظم تک کسان مارچ کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ملیر کے صدر سلمان عبداللہ مراد اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام بھوک و بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مہنگائی کے باعث عوام سمیت کسان اور مزدور پریشان ہیں۔

پیر (آج) کو ملیر سے قائداعظم کے مزار تک کسان مارچ کیا جائے گا، جس میں ہزاروں افراد شریک ہونگے ، اس کے بعد وفاقی حکومت کی زیادتیوں کے خلاف 27 فروری کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی تا اسلام آباد لانگ مارچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی رہنما آغا طارق پٹھان، چودھری محمد اکرم آرائیں، غلام شبیر ڈار، اسد اللہ میمن، سری چند ککریجا کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔

تقریب میں ایم پی اے شاہینہ شیر علی،ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل کراچی نور حسن جوکھیو،میر عباس تالپور، امداد جوکھیو، منظور بلوچ، شاہد آرائیں، ملیر پریس کلب کے صدر مرتضیٰ چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں ساجد جوکھیو اور سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملیر میں ترقیاتی کام کرائے ہیں،ہم عوام کے درمیان رہتے ہیں، انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے ،نااہل وفاقی حکومت فنڈز فراہم نہیں کر رہی۔

سندھ حکومت اپنی مددآپ کے تحت عوام کی خدمت کر رہی ہے، ہم نے بلدیاتی قانون کو بہتر کیا ہے ، جس سے یونین کونسل اور ٹائون مضبوط ہونگے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان کی حکومت نے غریب عوام کی زندگی پریشانی میں ڈال دی ہے ،وفاقی حکومت کے خلاف اب میدانوں اور سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں