حکمران مہنگائی روکنے کیلئے عملی کردار نبھائیں،ثروت قادری

حکمران مہنگائی روکنے کیلئے عملی کردار نبھائیں،ثروت قادری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے حکومت کو سخت ایکشن لینا ہوگا، دہشت گردی اور انتہا پسندی پھیلانے والے اسلام وملک کے دشمن ہیں، کسی کو ملک کا امن خراب کرنے نہیں دینگے ،علمائے کرام کو انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

 مرکز اہلسنّت سے جاری ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی روک تھام کیلئے حکمرانوں کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا، اب دعووں اور تسلیوں کا دور گزر چکا، حکمرانوں کو عملی طور پر مہنگائی و غربت کے خاتمے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ثروت قادری نے کہا کہ حکمران ملک میں قانون کی بالادستی اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائیں، انتہا پسندی کو فروغ دینے اور دہشت گردی کو سپورٹ کرنے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا،مضبوط و مستحکم پاکستان کیلئے آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے ۔

جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے تو آئین وقانون کی بالادستی یقینی بنانا ہوگی، کارکنان حوصلے بلند رکھیں، کامیابی کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے، قائد اعظم کے پاکستان کو ہر حال میں پر امن اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، سیاست میں آنے کا مقصد اقتدار نہیں عوام کی خدمت ہے ، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، بیرونی قرضوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے ،حکمران بیرونی قرضوں کو مسترد اور ملکی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں