ضلع وسطی میں دو نئے تزئین شدہ پارکوں کا افتتاح

ضلع وسطی میں دو نئے تزئین شدہ پارکوں کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اتوار کوضلع وسطی کے علاقوں نیوکراچی اور شادمان میں دو نئے تزئین شدہ پارکوں کا افتتاح کردیا، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، ضلع وسطی کے افسران اور پیپلز پارٹی کے رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں پارکوں کی تزئین و آرائش، موسمی پھلوں کی نمائشیں اور شاہراہوں پر پودے و پھول لگانے کا مقصد شہر کے ماحول کو بہتر اور خوشگوار بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وسطی میں 100پارکوں کی تزئین و آرائش کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جن میں سے 14 پارکوں کو اب تک عوام کے لئے کھولا جاچکا ہے، کے ایم سی کے زیر انتظام شہر کے بڑے پارکوں کی دیکھ بھال اور سرسبز بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کے دوسرے اضلاع میں بھی پارکوں کو درست کریں گے تاکہ شہری ان سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ پارک اجاڑ دیئے گئے تھے یا تو ان پر قبضہ کرلیا گیا تھا یا انہیں کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ اختیارات کا نہیں نیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پارکوں کی مقامی لوگوں کے تعاون سے تزئین و آرائش کی گئی ہے، کے ایم سی نے ان پر کسی قسم کے فنڈز خرچ نہیں کئے، شہریوں سے درخواست ہے کہ یہ پارکس ان کی امانت ہیں، وہ ان کی دیکھ بھال کے لئے خود آگے آئیں اور پارکوں کا انتظام سنبھالیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں