سابق ڈی آئی جی اور شہری میں جھگڑا،تحقیقات کا حکم

سابق ڈی آئی جی اور شہری میں جھگڑا،تحقیقات کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن میں سابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبد اللہ شیخ اور شہری کے درمیان جھگڑے کا واقعہ، عبداللہ شیخ کی جانب سے شہری کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

شہری نے الزام عائد کیا کہ خود کو ڈی آئی جی ظاہر کرنے والے شخص نے گھر میں لوٹ مار بھی کی، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ کی جانب سے شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ شہری نے بوٹ بیسن تھانے میں ڈی آئی جی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست بھی جمع کرا دی، اس کا الزام ہے کہ خود کو ڈی آئی جی ظاہر کرنے والے شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں لوٹ مار بھی کی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری ہیرا نند نے فلیٹ کے دروازے کے آگے دیوار کھڑی کی، جس پر پڑوسی کو اعتراض تھا، تنازع کے حل کے لئے ڈی آئی جی عبداللہ شیخ آئے تھے، جہاں بات چیت کے دوران صورتحال خراب ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ہیرا نند نے عبداللہ شیخ پر ہاتھ اٹھایا، بعد میں پولیس بلوائی، پولیس کے آنے پر عبداللہ شیخ نے بھی ہاتھ صاف کیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کوانکوائری افسر مقرر کر دیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں