وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں بنائی جائیں گی،ایڈمنسٹریٹر

وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں بنائی جائیں گی،ایڈمنسٹریٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، شاہراہ نور جہاں کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے، جہانگیر پارک کی طرز پر گلبرگ میں اقبال پارک تعمیر کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 19 نارتھ ناظم آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم اور بلدیہ وسطی کے افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں خون کی ہولی کھیلی گئی، بوری بند لاشیں ملتی تھیں، اب اس مسئلے کو حل کرلیا گیا ہے، پولیس افسران کو اپنے دفتر بلاؤں گا اور ہم مل کر اسٹریٹ کرائمز کے مسئلے کا حل بھی نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر میں پانی کے سنگین مسائل ہیں جس کی بنیادی وجہ آبادی میں اضافہ ہے، تاہم صوبائی حکومت کی کوششوں سے 130 ایم جی ڈی پانی کراچی کو جلد ملنا شروع ہوجائے گا، ضلع وسطی میں 100 پارکوں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ نالے کی تعمیر کے لئے ٹینڈرنگ کا مسئلہ حل ہوچکا ہے، اب اس پر تیزی سے کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حب کینال تیار کی جا رہی ہے جس سے کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی ملنا شروع ہوجائے گا، اس کے علاوہ 65 ایم جی ڈی کا ایک اور منصوبہ بھی چل رہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں