لوگوں کی بہبودکیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کواپنایاجائے ،گورنر

لوگوں کی بہبودکیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کواپنایاجائے ،گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ محکمہ کسٹم نے کوویڈبحران کے دوران مثالی خدمات پیش کرتے ہوئے فراہمی کے موثر نظام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ملک کی معاشی ترقی میں کسٹم کا ادارہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسٹمز ہاؤس کراچی میں کسٹمز کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار چودھری بھی شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے بین الاقوامی کسٹمز ڈے کی تھیم ’’ڈیٹا کلچر کو اپناتے ہوئے اور ڈیٹا ایکو سسٹم کی تعمیر کے ذریعے کسٹمز کی ڈیجیٹل تبدیلی کو بڑھانا‘‘ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ گورنر سندھ نے پاکستان کسٹمز کو ڈیٹا اینالیٹکس کو مزید مضبوط اور ترقی دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’کاروبار میں آسانی‘‘ کی پالیسی کے تحت حکومت آن لائن پورٹلز کا استعمال کرتے ہوئے ایک ونڈو کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے ۔

لوگوں کے فائدے اور بہبود کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو اپنانا ضروری ہے۔گورنر سندھ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مخلصانہ نقطہ نظر اور سرشار کوششوں کے ساتھ بہت جلد پاکستان ایک جدید، شفاف، اسمگلنگ سے پاک ملک اور صحت مند معیشت کے طور پر اقوام عالم کے سامنے اٹھے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں