وفاق المدارس العربیہ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز

وفاق المدارس العربیہ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا۔

 2500 سے زائد امتحانی مراکز میں ہفتہ 26 فروری سے 3 مارچ تک بیک وقت امتحانات ہوں گے۔ میڈیا کوآرڈی نیٹر وفاق المدرس مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ اس موقع پر ہزاروں علما و عالمات امتحانی عمل کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گی، صوبائی دفاتر میں امتحانی امور کیلئے کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا، اضلاع و ڈویژنل سطح پر تربیتی نشستوں سے مرکزی قائدین، صوبائی نظما و اراکین امتحانی کمیٹیوں کو فعال کردیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے ہزاروں مدارس کے تقریباً پونے پانچ لاکھ طلبا و طالبات امتحان میں شریک ہونگے، 2567 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ان سینٹرز میں تقریباً 17800 نگران امتحانی عملہ کی تقرری عمل لائی گئی ہے، ملک بھر میں امتحانات سے قبل نگران عملے کی تربیتی نشستوں کا بھی انعقاد ہوتا ہے، جس سے وفاق المدارس کے مرکزی قائدین وصوبائی نظما اور اراکین امتحانی کمیٹی اپنے روایتی مثالی نظم امتحان کے حوالے سے نگران عملے کو خصوصی ہدایات دیتے ہیں۔

کراچی کے 7 اضلاع میں مجموعی طور پر تقریباً 40 ہزار طلبا و طالبات کیلئے 163 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، جن میں74طلبا اور89 طالبات کیلئے بنائے گئے ہیں، طالبات کیلئے وفاق المدارس کی فاضلات اور عالمات کو نگران مقرر کیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں