پولیس کارروائی میں ڈاکوئوں کاگینگ پکڑاگیا

پولیس کارروائی میں ڈاکوئوں کاگینگ پکڑاگیا

لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) لاڑکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف وارداتوں میں ملوث گینگ کے 4 اہم کارندوں کو گرفتار کرکے مسروقہ رقم ،اسلحہ اور چیکس برآمد کرلیے ۔

 ایس ایس پی لاڑکانہ نے بتایا کہ ملزمان ضمیر ،ببلو عرف عنایت اﷲ، رجب شاہ عرف علی رضا شاہ اور اجو عرف ایاز نے نوڈیرو چوک پر تاجر محمد مٹھل بھٹو،گجن پور چوک پر تاجر غلام شبیر دایو اور مدینہ کالونی میں تاجر عامر چاوڑو کی دکان میں لوٹ مار کی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈکیت گینگ پکڑاگیاہے اور اس کے کارندوں سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ پولیس نے چند روز قبل مویشی چوری کی کوشش کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے قتل ہونیوالے نوجوان کامران شیخ کے قتل کے مقدمے میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ واقعے میں کامران شیخ جاں بحق اور دو افراد عمران شیخ، قمرالدین عاربانی زخمی ہوگئے تھے ۔ ایس ایس پی لاڑکانہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ ملزم نظام الدین ولد جام ناریجو نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ حیدرآباد میں پولیس نے کارر وائی کرتے ہوئے بھندو شریف موری لنک روڈ کے قریب سے منشیات فروش معشوق نظامانی کو گرفتار کرکے 5لٹر شراب برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا۔ پڈعیدن کے نواحی علاقے بھریاروڈ کی پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا،ملزموں کے قبضے سے 7 لٹر شراب اور 200 سے زائد گٹکے برآمد ہوئے جن کیخلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔ اسی طرح درس پولیس نے ڈکیتی کے ارادے سے کھڑے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ٹھارو شاہ پولیس نے کارر وائی کرتے ہوئے دو مسروقہ موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ سکھر شہر کے تھانے روہڑی کی حدود میں جاڑے ماہ لنک روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں