تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول کا کل سے فریئر ہال میں آغاز

تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول کا کل سے فریئر ہال میں آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے۔۔۔

کہ کراچی کی روشنیوں، رنگوں کو بحال کرنے اور کراچی کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لئے پوری توانائی کے ساتھ کام جاری ہے ، 27 جنوری سے فریئر ہال میں تین روزہ میری گولڈ فیسٹیول منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف رنگوں کے ساٹھ ہزار سے زائد پھول رکھے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو فریئر ہال میںفیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول اب کراچی کی روایت بن چکا ہے اور موسم سرما کے ان پھولوں کی نمائش میں شہری گہری دلچسپی لیتے ہیں، ہمیں پھولوں اور درختوں کی نگہداشت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے اور پاکستان اس کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث کراچی میں تمام موسم شدت اختیار کرگئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ اس فیسٹیول میں آئیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ اس فیسٹیول کو بھرپور بنانے کے لئے اقدامات کریں اور کے ایم سی کی نرسریوں سے پھولوں کے تمام پودے نمائش میں رکھیں۔ یہ نمائش 27 جنوری سے 29 جنوری تک منعقد ہوگی ۔ نمائش میں شہریوں کا داخلہ مفت ہو گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں