کچی آبادیوں کو واٹر بورڈ کے ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

کچی آبادیوں کو واٹر بورڈ کے ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کی مختلف کچی آبادیوں کو واٹر بورڈ کے ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اچھی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے۔۔۔

 فوری اقدامات کیے جائیں، شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ڈیجیٹل ایپ بنائی جائے گی، والوو سسٹم کو مزید بہتر کرتے ہوئے شہریوں کو بلا تفریق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار سی ای او واٹر بورڈ انجینئر سید صلاح الدین احمد نے ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں شہر بھر میں پانی کے مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کے منعقدہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی او او واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان، چیف انجینئر بلک سکندر زرداری بھی موجود تھے۔ سی ای او واٹر بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے موثر اور فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ شہریوں کی پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے، اس عمل میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی تمام لائنوں کا مکمل معائنہ کیا جائے، اگر کوئی لائن لیک یا بوسیدہ ہوگئی ہو تو اسے ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے ، جبکہ شہر بھر میں فراہمی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام مسائل اور شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کرکے شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مزید موثر اقدامات کیے جائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں