پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023کاآغاز 10 فروری کو ہوگا

پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023کاآغاز 10 فروری کو ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل کراچی اور الحمرا آرٹس کونسل کے تعاون سے تین روزہ ’’پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023‘‘ کا آغاز 10 فروری کو الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں کیا جائے گا۔

فیسٹیول میں فتح محمد ملک، افتخار عارف، خورشید رضوی، نیر علی دادا، میاں اعجاز الحسن، جسٹس (ر) ناصرہ اقبال، سلیمہ ہاشمی، مستنصر حسین تارڑ، کشور ناہید، عطاالحق قاسمی، پیرزادہ قاسم رضا صدیقی، امجد اسلام امجد، منور سعید، حامد میر، کامران لاشاری، ظفر مسعود، رضی احمدافتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ خطبہ استقبالیہ، معروف ادیب و مزاح نگار انور مقصود اور فقیر اعجاز الدین کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں علی ظفر، یوکرینی گلوکارہ کمالیہ، علی عظمت، سائیں ظہور، ساحر علی بگا، نتاشہ بیگ سمیت معروف گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ فیسٹیول کے پہلے روز ’’اکیسیویں صدی کے تہذیبی چیلنج، پاکستان اور فکر اقبال‘‘، ’’سہیل احمد(عزیزی) کی باتیں احمد شاہ کے ساتھ‘‘ ہوں گی۔ دوسرے روز کا آغاز ’’اردو فکشن میں نیا کیا؟‘‘ہوگا جبکہ ’’اکیسویں صدی میں پنجابی ادب‘‘، ’’فرید سے فرید تک‘‘ ،عوامی دانشوری کی روایت اور مشاعرے کے بعد یوکرینی گلوکارہ کمالیہ اور علی ظفر اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ تیسرے دن نئی شاعری نئے امکانات، پنجاب کی لوک داستانیں، انور مقصود کا پاکستان، اختتامی اجلاس، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، قراردادیں، میم رقصم....ناہید صدیقی اور آخر میں ساحر علی بگا، نتاشہ بیگ سمیت دیگر گلوکار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں