گندم کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش کررہے ہیں،شاہ محمدشاہ

گندم کی اسمگلنگ روکنے کی کوشش کررہے ہیں،شاہ محمدشاہ

سکھر، گھوٹکی (نمائندگان دنیا) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ مہنگائی ہمیں سیاسی ورثے میں ملی ہے ،ملک میں مہنگائی عمران خان کے آئی ایم ایف سے نامناسب معاہدے کی وجہ سے ہوئی ہے ، ن لیگ کی قیادت میں انشااللہ ملک کو بحرانوں سے جلد نجات دلائیں گے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے مقامی ہوٹل میں ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نواز کی ورکرز کنونشن میں آمد کے سلسلے میں سکھر کے ذمے داران و کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا اور انہیں بھرپور شرکت کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے ،برطانیہ میں بھی مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے ٹرینیں بھی بند کی گئی تھیں، ملک سے گندم کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ،کھاد وگندم کی قلت سے کاشتکاروں کے ساتھ عوام کا بھی نقصان ہوا ہے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ موجودہ حکومت نے ختم کی ہے۔ گھوٹکی سے نمائندے کے مطابق مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر حبیب اللہ چودھری ،عابدعلی عباسی ،چودھری شاہد اقبال نے لوندہائوس نورآباد پہنچ کر پیپلزپارٹی کے ایم این اے میر خالد احمد خان لوند اور میر اسرار احمد خان لوند کی والدہ کی وفات پر چیف سردار فیاض علی خان لوند، میر نذیر احمد خان لوند ، میر بابر علی خان لونداور دیگر سے تعزیت کی اور مرحومہ کیلئے دعا ئے مغفرت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں