حیدرآبادمیں تین مقابلے ،ایک ملزم ہلاک،دو زخمی

حیدرآبادمیں تین مقابلے ،ایک ملزم ہلاک،دو زخمی

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دُنیا، بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں حالی روڈ پولیس نے امریکن کوارٹر کے قریب مبینہ مقابلے میں ملزم منور یوسف زئی کو زخمی کردیا جو اسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیت گینگ کا رکن اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ سائٹ پولیس نے ٹنڈومحمد خان روڈ سائٹ ایریا کے قریب ایک ملزم کو رکنے کا اشارہ کیا جس نے مبینہ طورپر پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم فیروز خانزادہ زخمی ہوگیا جبکہ مکی شاہ پولیس نے ملزم فراز قریشی کو مقابلے میں زخمی کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ میرپور خاص میں ٹاؤن پولیس نے گٹکا ڈیلر ابرار موتی کو 5390 گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری کے مطابق اس حوالے سے پولیس پارٹی کی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جنھوں نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق نوشہرو فیروز پولیس نے شہر میں جسم فروشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر دادو کی رہائشی خاتون ستارہ میرانی کو بازیاب کرا لیا جس کے مطابق اسے دھوکے سے بیچ دیا گیا تھا ۔

کنڈیارو تھانے کی حدود کنڈیارو سعید پور رابطہ سڑک پر پولیس نے 3 رہزنوں کو موٹر سائیکل اور اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔ ٹھٹھہ سے نمائندے کے مطابق جھرک پولیس نے پالاری ولیج ٹرائیکون بوسٹن ونڈ پاور پراجیکٹ جھمپیر کے قریب کارروائی کرکے تھانہ جھمپیر، مکلی اور پولیس پوسٹ جنگشاہی کی حدود میں ونڈ پاور پراجیکٹس کے کیبل چوری کرنے والے تین ملزمان جاوید پالاری، مور پالاری اور نادر خشال پالاری کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے 15 لاکھ روپے اور مسروقہ کار برآمد کرلی گئی۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی حدود بھینس کالونی سے نامعلوم چور ایک گھر کے باہر سے بکری چوری کرکے فرار ہوگیا جسے مالک نے بکرا منڈی سے بکری بیچتے ہوئے پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع کردی جس نے ملزم کو تحویل میں لے لیا۔ پنگریو سے نمائندے کے مطابق کڈھن پولیس نے 26 سالہ محمد عثمان نوتیار کے قتل کے ملزم محبوب ملاح کو ،ملزم واحد بھٹی کو مسروقہ بکرے سمیت، بدین پولیس نے محمد یوسف عباسی کو 3 کلو گرام چرس سمیت ،پنگریو پولیس نے فواد رند کو 420 گٹکوں سمیت ،ماتلی پولیس نے محمد شعیب لغاری کو 300 گٹکوں سمیت اور کھوسکی پولیس نے حنیف ملاح کو 270 گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں