مردم شماری کو لسانی رنگ دینے کی کوشش افسوسناک، اسد بھٹو

مردم شماری کو لسانی رنگ دینے کی کوشش افسوسناک، اسد بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کراچی تا کشمور سندھ میں مردم شماری کی شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری ملک کے مستقبل کے نظام میں اہم کردار ادا کرے گی۔۔

اس لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مردم شماری پر اٹھنے والے اعتراضات وتحفظات کو ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ کراچی میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے گوٹھوں میں ہونے والی مردم شماری کو لسانی رنگ دینے کی کوشش افسوس ناک عمل ہے، کراچی کے گوٹھ بھی شہر قائد کا اہم اور قدیمی حصہ ہیں، گوٹھوں کے نام پر لسانیت کو ہوا دینے اور شہری آبادی کے نام پر اپنی سیاست چمکانا سندھ کے مفادات کے خلاف ہے، مختلف سوسائٹیز اور گوٹھ کراچی کا مشترکہ حصہ ہیں، جماعت اسلامی کراچی تا کشمور سندھ میں حقیقی اور شفاف مردم شماری کیلئے جدوجہد کررہی ہے تاکہ منصفانہ مردم شماری کا عمل تمام اکائیوں کی امنگوں کے مطابق مکمل ہوسکے ۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنا نے شہر بھر میں سحر وافطار کے دوران بجلی وگیس کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سحر و افطار کے دوران گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں