سائبر سیکیورٹی سے متعلق علم انتہائی ضروری ہوگیا، ماہرین

سائبر سیکیورٹی سے متعلق علم انتہائی ضروری ہوگیا، ماہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ این ای ڈی کے نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی(این سی سی ایس) کے تحت ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت رجسٹرار سید غضنفر حسین نے کی۔۔

جبکہ مہمان خصوصی سی ای او اینگرو اظہر نواز تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر این سی سی ایس ڈاکٹر اسد عارفین کا کہنا تھا کہ سائبر سیکیورٹی کی فیلڈ میں جاب بہت ہیں، ہمیں نوجوانوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے رجسٹرار غضنفر حسین کا کہنا تھا کہ ہرشے بالواسطہ یا بلاواسطہ انٹرنیٹ سے جڑ رہی ہے ، ایسے میں سائبر سیکیورٹی کے بارے میں علم انتہائی ضروری ہوگیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آٹی ٹی انڈسٹری کے ماہرین سمیت ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ جامعہ ترجمان فرواحسن کے مطابق سیمینار میں 12 آئی ٹی انڈسٹریز کے ماہرین نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں متعلقہ کورسز سے ذہین طلبہ کو تیار کرنا خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ عالمی معیشت کوسائبر کرائم کی مد میں سالانہ 400 ارب ڈالر کانقصان ہورہا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ ہیکنگ سے بچنے کے لیے عوامی مقامات پر موجود وائی فائی استعمال نہ کیا جائے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اپیلی کیشنز استعمال کرنے والے صارفین دو مرحلوں پر مشتمل توثیق کا عمل لازمی ایکٹویٹ کریں تاکہ ہیکرز سے بچا جاسکے۔ اس موقع پر این ای ڈی کی این سی سی ایس لیب کی جانب سے لکی ڈرا کے ذریعے 15 طالب علموں کو فری کورس آفر کیے گئے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں