حادثات سے بچاؤکیلئے قوانین کی پابندی ضروری،سیف الرحمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں سڑکوں پر 54 فیصد حادثات موٹر سائیکل سواروں کے ہوتے ہیں، جس کے باعث انہیں سر پر چوٹیں آتی ہیں جو انتہائی تشویشناک ہے۔
حادثات کا شکار اکثر نوجوان زندگی بھر کے لئے معذور ہوجاتے ہیں یا اپنا ذہنی توازن کھو دیتے ہیں، حادثات سے بچنے کے لئے شہریوں کو محفوظ طریقے سے ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سرسید یونیورسٹی میں سیف بائیک رائیڈنگ ایونٹ کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر سرسید یونیورسٹی ڈاکٹر ولی الدین، رجسٹرار کموڈور ریٹائرڈ سید سرفراز علی، ڈاکٹر پروفیسر شبر، ڈاکٹر عمر قریشی، سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سیف الرحمن نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے حادثات کی چار بڑی وجوہات میں کم عمری میں گاڑی چلانا، غیر محفوظ ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور حفاظتی اقدامات نہ ہونا ہے، بائیک چلاتے ہوئے لازمی ہیلمٹ کا استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل حادثات کا شکار زیادہ تر افراد کی عمر 16 سال سے 28 سال کے درمیان ہوتی ہے، یہ وہ عمر ہوتی ہے جس میں والدین اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے خواب دیکھ رہے ہوتے ہیں، لہٰذا اپنی قیمتی زندگی کو غفلت اور جلد بازی کی نذر نہیں کرنا چاہئے۔