عوام کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کریں،ماہرین

عوام کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کریں،ماہرین

کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی آمد پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے جانے والے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کانگو وائرس سے بچ سکیں۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ کانگو بخار بھیڑ بکریوں، اونٹ ودیگر مویشیوں کی جلد میں پرورش پانے والے چیچڑ کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، مریض کو تیز بخار کے ساتھ سر میں شدید درد، متلی، پیٹ اور پٹھوں میں درد ہوتا ہے، جبکہ مسوڑھوں، منہ، ناک اور مقعد سے خون رسنا شروع ہو جاتا ہے، اس وائرس سے مویشی منڈیوں میں کام کرنے والے بیوپاری اور جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والا عملہ بھی متاثر ہوتا ہے، جبکہ اسپتالوں میں کانگو بخار میں مبتلا مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی یہ وائرس منتقل ہوسکتا ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا کہ جانوروں کے خریداری مراکز اور دیگر مقامات پر چیچڑ کش دواؤں کا اسپرے کرایا جائے، جانوروں کے باندھنے کی جگہوں پر چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے، اگر کسی مویشی کی کھال میں چیچڑ لگا ہو تو ایسے جانوروں کی جلد پر بھی اسپرے کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے کہا کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے خاص احتیاط کی جائے، شہری مویشی منڈی جاتے ہوئے ہلکے رنگ کے پوری آستینوں والے کپڑے اور جوتے پہنیں، واپس آکر نہائیں اور کپڑے تبدیل کر لیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں