جیکب آباد،3افرادقتل،رانی پور،4افرادحادثے کاشکار

جیکب آباد،3افرادقتل،رانی پور،4افرادحادثے کاشکار

جیکب آباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) جیکب آباد میں تھانہ صدر کی حدود بقا پل کے قریب گائوں سچل ٹالانی میں دو گروہوں کے درمیان ہولناک فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ اسکا بھائی غلام قادر اور امان اللہ ہلاک ہوگئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ زمین کے دیرینہ تنازع کا شاخسانہ ہے۔۔

کچھ عرصہ قبل ایک گروپ نے یہاں سے نقل مکانی کرکے بلوچستان میں رہائش اختیار کرلی تھی اور آج اسی نے حملہ کرکے تین افراد کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے ۔ دریں اثنا جیکب آباد شہر کے عقب کے گاؤں لال بخش بگھیو کی بگھیہ برادری کے دو گروپوں میں تیز آواز میں ٹیپ ریکارڈ چلانے پر تصادم ہوگیا جس میں ڈنڈوں اور اینٹوں کے آزادانہ استعمال سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ رانی پور میں قومی شاہراہ پر ٹنڈومستی کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار ایک ہی خاندان کے چار افراد پیرل،اس کی بیوی شبیراں، بیٹافرمان اور بیٹی صنم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔موقع پر موجود لوگوں نے کوچ ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ سکھر میں خیرپور فیڈر کینال میں کپڑے دھوتے ہوئے 14سالہ لڑکی کرشمہ ڈوب گئی جس کی لاش کی تلاش آخری اطلاعات تک جاری تھی۔ شاہپورچاکر میں شر برادری کے دو گروہوں کے تصادم میں فائرنگ اور کلہاڑیاں و لاٹھیاں چلنے سے 15 افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ محراب پور کے فیض گنج تھانے کی حدود گاؤں لکھ من راجپر میں مبینہ طور پر بااثر افراد مختار راجپر، منٹھار راجپر، دھنی بخش، غلام شبیر نے گھروں میں داخل ہوکر خواتین کی تذلیل کی اور کلہاڑیوں ، ڈنڈوں کے وار کرکے چار خواتین سمیت سات افراد کو زخمی کرکے فرار ہوگئے۔ پنوعا قل کے بائجی پولیس اسٹیشن کی حدود دیاگیر چوکی کے قریب نوجوان سنتوش کمار کورائی واہ میں نہانے کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں