لوگوں کی ہمت کو سلام ہے بغیر کسی اجازت کے تعمیرات کر لیتے ہیں ، سندھ ہائیکورٹ

لوگوں  کی  ہمت  کو سلام  ہے  بغیر  کسی  اجازت  کے  تعمیرات  کر لیتے  ہیں  ،   سندھ  ہائیکورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے لکھنو کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر حکام سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔ منگل کو جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لکھنو کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

 درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ بڑے پلاٹ کو حصوں میں تقسیم کرکے پورشن تعمیر کئے جارہے ہیں، فریقین کو غیر قانونی تعمیرات رکوانے کے حوالے سے احکامات دئیے جائیں، اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات سے سوسائٹی کے مسائل میں اضافہ ہو گا۔ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے آپ لوگوں کی ہمت کو سلام ہے کہ بغیر کسی اجازت کے تعمیرات کرلیتے ہیں، ہماری تو ابھی تک ہمت نہیں ہوتی ایسا کام کرنے کی، حالانکہ ساری زندگی اسی شہر میں گزاری ہے۔ ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ جن پلاٹوں کے خلاف درخواست دی گئی ہے ان کے نقشے پاس نہیں ہیں اور اس پر کارروائی بھی کی گئی، بلڈر کی جانب سے گرائی گئی تعمیرات پر دوبارہ تعمیرات کی گئی ہیں، غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر نقشہ پاس نہیں ہے تو قانونی طور پر اس کا نقشہ پاس کریں یا پھر تعمیرات کو مکمل مسمار کریں، فیصلہ کریں کہ ان تعمیرات کا نقشہ پاس کرنا ہے یا نہیں اور پھر آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں