مدینہ کالونی میں 5 غیر قانونی واٹر پمپس کی بجلی منقطع

مدینہ کالونی میں 5 غیر قانونی واٹر پمپس کی بجلی منقطع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کا بجلی چوروں کے خلاف ایک اور کریک ڈاؤن، کورنگی کے علاقے مدینہ کالونی میں 5 غیر قانونی واٹر پمپس کی بجلی منقطع کردی گئی جبکہ رہائشی علاقوں سے سیکڑوں کنڈے منقطع کردیے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے عملہ نے کورنگی کے علاقے مدینہ کالونی میں 5 غیر قانونی واٹر پمپس کی بجلی منقطع کردی ،یہاں سے 4 ہزار سے زائد گھرانوں کو پانی کی سپلائی کی جارہی تھی ، ان پانچوں واٹر پمپس سے مجموعی طور پر بجلی کے تقریباً 50 ہزار یونٹس ماہانہ چوری ہورہی تھی۔ ان واٹر پمپس کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد کے الیکٹرک نے مدینہ کالونی کے رہائشی علاقے 50 اے میں بھی کارروائی کی اور سیکڑوں کنڈوں کا خاتمہ کر دیا۔ترجمان کے مطابق شہر بھر میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف 550 سے زائد ایف آئی آرز کا اندراج کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ایف آئی آرز درج کرائی جارہی ہیں۔دریں اثناء ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم میں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تحفظ ملتے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے شہر بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے ،امکان ہے کہ آپریشن کی کامیابی کی صورت میں شہر قائد کے ان علاقوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کردی جائے گی جہاں 24 گھنٹے میں 10 گھنٹے سے زائد بجلی غائب رہتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں