مہنگائی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاج کرینگے ،حسین محنتی
حیدر آباد(نمائندہ دنیا)امیر جماعت اسلامی سندھ اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ایک ماہ میں تین مرتبہ پٹرولیم نرخوں میں اضافہ کر کے غریب عوام سے زندہ رہنے کاحق چھین لیاہے ۔۔
آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی، پشاور،لاہور اور کوئٹہ کے بعد 6اکتوبر کو سندھ کے دارلحکومت میں دھرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے شہری کل شام 5بجے اپنی گاڑیا ں،موٹر سائیکلیں سڑکوں پر روکیں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں۔اتوار کو کوہ نور چوک پر احتجاجی دھرنا بھی دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ کے ہر شہر میں اہم مقامات پر ٹریفک روکنے کی اپیل کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ،جس کا سارا بوجھ اشرافیہ کے بجائے غریب عوام کو ہی برداشت کرنا پڑتا ہے جو سراسر ظلم ہے ۔ حکمرانوں کو پٹرول ،بجلی کے بل ادا کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت کم ہونے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی لانے کا کہاگیا تھا مگر ڈالر نیچے آنے کے باوجود پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ طاہر مجید، سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی ، عدنان دانش اور صدر جے آئی یوتھ حیدرآباد عرفان قائمخانی بھی موجود تھے۔