پانی مافیا کے گڑھ منگھوپیر سے 100 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ

پانی  مافیا  کے  گڑھ  منگھوپیر  سے  100 غیر  قانونی  ہائیڈرنٹس  کا خاتمہ

کراچی (رپورٹ:محمد علی حفیظ)کراچی واٹر کارپوریشن اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے 10روز کے دوران پانی مافیا کے گڑھ منگھوپیر میں 100غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کردیا ۔

پانی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے بعد اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کی مختلف رہائشی آبادیوں میں پانی کی سپلائی میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پچھلے 10 برس کے دوران پانی مافیا سب سے زیادہ طاقتور مافیا کے طور پر کام کررہا تھا ۔شہر سے کراچی والوں کے حصے کا ہزاروں گیلن پانی یومیہ چوری کیا جارہا تھا۔ واٹر کارپوریشن ذرائع کے مطابق سیاسی شخصیات اور با اثر افراد کے زیر سایہ شہر کے مختلف علاقوں میں 100سے زائد پانی چور گروپس سرگرم تھے جو ماہانہ اربوں روپے کا پانی چوری کرکے فروخت کررہے تھے ۔ پانی مافیا کا زیادہ کنٹرول منگھوپیر میں قائم تھا جہاں سے گزرنے والی لائنوں سے بڑے پیمانے پر پانی چوری کرکے 100غیر قانونی ہائیڈرنٹس قائم کررکھے تھے ۔ طاقتور پانی مافیا کے خلاف ایکشن کرنے کیلئے حکومت سندھ نے 2 سال قبل واٹر کارپوریشن میں اینٹی تھیفٹ سیل بھی قائم کیا لیکن تمام تر حکومتی دعوؤں کے باوجود کراچی سے پانی چوری کا خاتمہ نہ ہوسکا ۔کراچی میں میئر مرتضی وہاب صدیقی کے واٹر کارپوریشن میں بطور چیئرمین آمد کے بعد کراچی میں پانی مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ،اس کے بعد سی ای او سید صلاح الدین احمد نے پانی چوری میں ملوث مافیا کے کارندوں کی فہرست تیار کی جس کو رینجرز کے اعلیٰ حکام کے ساتھ شیئر کیا گیا ،طویل اجلاسوں کے بعد کراچی میں پانی مافیا کے خلاف آپریشن میں رینجرز نے بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ۔حکام کے مطابق واٹر کارپوریشن اور رینجرز نے پانی چوروں کے خلاف آپریشن کیلئے پہلے مرحلے میں منگھوپیر کا انتخاب کیا۔ دس روز کے دوران واٹر کارپوریشن نے رینجرز کے ساتھ آپریشن کرکے منگھوپیر سے 100غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کردیا۔ ڈیڑھ سو سے زائد موٹریں پائپ، درجنوں واٹر ٹینکرز بھی بر آمد کئے گئے ۔واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام منگھوپیر میں ہونے والے آپریشن کو10برس میں ہونے والی پانی مافیا کے خلاف سب سے بڑی اور تاریخی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ منگھوپیر میں پانی مافیا نے خالی مکانات اور بڑے بڑے کارخانوں میں پانی چوری کا نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا جس کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے ۔ منگھوپیر سے پانی مافیا کے خاتمے کے بعد اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن کے مختلف رہائشی آبادیوں میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں