مدھو بالا4ماہ بعد بھی سفاری پارک منتقل نہ ہوسکی

مدھو بالا4ماہ بعد بھی سفاری پارک منتقل نہ ہوسکی

کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی ) بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے اقدامات میں تاخیر کے باعث مدھو بالا ہتھنی کو چار ماہ گزرنے کے باوجود چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل نہیں کیا جاسکا ، کے ایم سی حکام دومرتبہ ڈیڈ لائن مقرر کرنے کے باوجود ہتھنی کی منتقلی کیلئے انتظامات کرنے میں ناکام ہوگئے ۔

عالمی ماہرین کی تنظیم فور پازٹیم اور کے ایم سی حکام کے درمیان گزشتہ ایک مہینے سے رابطہ تک منقطع ہے ۔ ہتھنی کی منتقلی کا عمل مزید ایک سے دو ماہ التوا کا شکار ہونے کا خدشہ ہے ۔ کراچی چڑیا گھر میں مارچ 2023 میں خطرناک بلڈ پیرا سائیڈ انفیکشن سے نورجہاں ہتھنی کے مرنے کے بعد مدھو بالا ہتھنی کی منتقلی کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا ۔ سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن کی جانب سے 45روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے جون کے آخر تک مدھو بالا ہتھنی کو چڑیا گھر سے منتقل کرنے کے لئے سفاری پارک میں مدھو بالا کے گھر کی تعمیر سمیت دیگر اقدامات کرنے کے احکامات دئیے گئے تھے ۔ معاملے پر ترجمان کے ایم سی ساجد علی حسن نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدھو بالا ہتھنی کی منتقلی کیلئے مختلف آپشن اور طریقے زیر غور ہیں ۔ اس حوالے سے جلد پیش رفت سامنے آئے گی ۔ کے ایم سی حکام کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں