ڈی ای اوز سے روزانہ اسکولوں کی مانیٹرنگ رپورٹ طلب

ڈی ای اوز سے روزانہ اسکولوں کی مانیٹرنگ رپورٹ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگراں صوبائی وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین نے کہا ہے کہ اسکولوں میں کتابوں کے مسئلے سے تدریسی عمل متاثر ہوا ہے جسے جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 ڈی ای اوز یومیہ کی بنیاد پر اسکولوں کے دورے کرنے کے ساتھ آن لائن پلیٹ فارم پر مانیٹرنگ رپورٹ پیش کریں۔یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں درسی کتب کی چھپائی، درست اعداد و شمار کے نظام کو بہتر بنانے ، وائبل اسکولز کے کھلنے کے بعد سہولتوں کی فراہمی اور تعلیم کی بہتری کے سلسلے میں اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن شیریں ناریجو، اسپیشل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن آغا شاہنواز بابر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ خان، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ، ڈویژنل ڈائریکٹرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ نگراں صوبائی وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین نے مزید کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ طالب علموں کی درست تعداد کیا ہے ، جب تک طالب علموں کے اعداد و شمار درست انداز میں پیش نہیں ہوں گے اس وقت تک کتابوں کی ڈیمانڈ کا پتہ نہیں چل سکتا۔ اس دوران اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نئی بھرتیوں کی وجہ سے تدریسی عمل میں بہتری آئی ہے جب کہ اساتذہ کی کمی ختم ہونے سے اسکولز فعال ہوئے ہیں اور داخلے کے تناسب میں بھی اضافہ ہوا ہے ، داخلہ بڑھنے سے کتابوں کے شارٹ فال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں