قبضہ مافیا کی مزاحمت،گلستان جو ہر میں آپریشن ناکام

قبضہ مافیا کی مزاحمت،گلستان جو ہر میں آپریشن ناکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کا تین ماہ بعد گلستان جوہر میں قبضوں کے خلاف ہونے والا آپریشن ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور مافیا کے حملے کے بعد ناکام ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی احکام کے بعد جمعرات کو کے ڈی اے کا محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ گلستان جوہر کے بلاک 13 میں رفاہی پلاٹس پر ہونے والے قبضوں کے خلاف آپریشن کیلئے کرنے کیلئے پہنچا آپریشن کے دوران جیسے ہی کے ڈی اے عملے نے مشینری کے ذریعے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کیلئے ایکشن شروع کیا اس ہی دوران قبضہ مافیا نے کے ڈی اے ٹیم پر حملہ کردیا اس دوران کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جمیل احمد بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد احمد بال بال بچ گئے ۔ پتھرائو کے نتیجے میں مشینری کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کے احکامات کے باوجود ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے آپریشن میں کوئی تعاون نہیں کیا قبضہ مافیا کے سامنے پولیس کی نفری نہ ہونے کے برابر تھی اسی وجہ سے کے ڈی اے ٹیم کو آپریشن کے دوران کوئی کامیابی نہیں ملی اور گلستان جوہر بلاک 13کے رفاہی پلاٹس سے قبضوں کا خاتمہ نہیں ہوسکا ۔بتایا جاتا ہے کہ کے ڈی اے نے تین ماہ بعد عدالتی حکم پر آپریشن پلان کیا تھا جو ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ پولیس کی عدم دلچسپی کے سبب ناکام ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں