صفائی بہتر بنانے کیلئے یوسیز میں مائیکرومینجمنٹ کی ہدایت

صفائی بہتر بنانے کیلئے یوسیز میں مائیکرومینجمنٹ کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈنسیم الدین میرانی کی زیرصدارت اجلاس میں فیلڈ افسران کو مانیٹرنگ سسٹم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 مانیٹرنگ افسران نے علاقوں کے انسپکشن کے بعد ہر علاقے میں عملے ، مشینری اور دیگر انتظامات کی رپورٹ پیش کی جس میں سینیٹری ورکرز و دیگر عملے کی سسٹم پر حاضری اور علاقے میں موجودگی کی تصدیق کی رپورٹ بھی پیش کی گئی،ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے صفائی کوبہتر بنانے کے لئے یوسی وائز مائیکرومینجمنٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر عملدرآمد سے مانیٹرنگ کا عمل آسان ہوا ہے لہذا تمام فیلڈ افسران اسکی افادیت کو سمجھتے ہوئے عملے اور گاڑیوں کی تصدیق ودیگر انتظامات کی معلومات اور رپورٹ کے لئے جدیدٹیکنالوجی سے مزین سسٹم استعمال کریں تاکہ صفائی کے معیار اور ٹرانسپیرنسی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کراچی کو مکمل صاف کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں کچراوملبہ فوری صاف کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کچرے کی گاڑیاں ترپال سے ڈھک کر آمدورفت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بڑے کچرے کے کنٹینرز پر کمپلین نمبر اورسپروائزکا نمبر درج کریں تاکہ لوگوں کو انکے علاقے میں رابطہ کرنے میں مشکلات درپیش نہ آئیں۔ کچرے کے ڈسٹ بن خستہ حال ہورہے انہیں فوری تبدیل کریں ۔ کمپنیزابھی تک اپنا پلان ٹاسک مینجمنٹ پر اپ لوڈ نہیں کررہی انہیں پابند کریں کہ صفائی کا روزانہ کا پلان کمانڈاینڈ کنٹرول سسٹم کے ٹاسک مینجمنٹ پر شیئر کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں