بجلی کمپنیاں عوام کا خون نچوڑنے کا ذریعہ ، حسین محنتی

بجلی کمپنیاں عوام کا خون نچوڑنے کا ذریعہ ، حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بجلی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے لائن لاسز کو کم اور کرپشن وچوری کو روکا جائے ، بجلی،گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائے بغیر معیشت کی بحالی اور مہنگائی کا خاتمہ ناممکن نظر آرہا ہے ۔

اسلام آباد کے سرکاری دفاتر ورہائش گاہوں کو 10ارب روپے کی مفت بجلی فراہم کرنے کی باتیں غریب عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ، بجلی کمپنیوں کو حکمرانوں نے پیسوں کی مشین اور عوام کا خون نچوڑنے کا ذریعہ بنایا ہوا ہے ۔ انہوں نے جمعرات کوایک بیان میں مزید کہا کہ نگراں حکومت کا کام صرف صاف شفاف انتخابات کراکے اقتدار منتخب قیادت کے حوالے کرنا ہے ، مگر 2 ماہ کی مہمان حکومت مسلسل بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مالیاتی اداروں کو خوش اور عوام پر بجلیاں گرارہی ہے ، موسم سرما آجانے کے باوجود عوام کے پاس گیس ہے نا بجلی پھر حکمران گڈ گورننس کے دعوے کرتے نہیں تھکتے ۔ نت نئے ٹیکس اور بلنگ کے ذریعے بھاری بل بھیج کر صارفین کو ذہنی مریض بنادیا ہے ،اوربلنگ کے ذریعے صارفین سے اربوں روپے بٹورنے کی رپورٹ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ، اب تو عالمی بینک نے بھی کہہ دیا ہے کہ حکومت بجلی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے لائن لاسز اور کارکردگی پر توجہ دے اس لئے بجلی وپٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے معیشت بحال اور مہنگائی کو بھی کم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں