سی پیک کی توجہ اعلیٰ معیار کی ترقی پر مرکوز ،چینی قونصل جنرل

سی پیک کی توجہ اعلیٰ معیار کی ترقی پر مرکوز ،چینی قونصل جنرل

کراچی (بزنس ڈیسک)کراچی میں چینی قونصل جنرل ایچ ای یانگ یونڈونگ نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کی توجہ اعلیٰ معیار کی ترقی پر مرکوز ہے ، یہ چین پاکستان اسٹریٹجک شراکت داری کو بلندیوں تک لے جائیگا۔

چینی قونصل جنرل نے اعلیٰ وفد کے ہمراہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ اپزا میں موجود صنعتکار اور سرمایہ کار اپنے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہیں۔چین سے دیگر اچھی سیرت کے حامل سرمایہ کار اور صنعتکار بھی اپزا میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں جس کیلئے اتھارٹی کا تعاون ہمارے لئے کارگر ثابت ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین اپزا ڈاکٹرسیف الدین جونیجو نے کہا کہ کئی دہائیوں پر محیط ہماری لازوال دوستی کی وجہ سے اپزا چینی کاروباروں کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے ۔ اپزاپہلے ہی سے موجود ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے جس کا موازنہ دنیا کے دیگر صنعتی زونز سے کیا جا سکتا ہے ۔چین کے ساتھ قدیم سماجی اور اقتصادی تعلقات مزیدمضبوط ہو رہے ہیں ،چینی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو دوستانہ ماحول فراہم کریں گے ۔ چیئرمین نے کہا کہ اپزاپاکستان اسٹیل ملز کی اراضی پر 1500 ایکڑ رقبے پرجدید صنعتی زون قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ،امید ہے کہ حکومت پاکستان جلد ہی اسکی منظوری دے دیگی جس سے روزگار کے مواقع متوقع ہونگے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں