اقوام متحدہ اور بڑی طاقتیں اسرائیلی جارحیت روکیں:عالمی اردو کانفرنس کی متفقہ قراردادیں

اقوام  متحدہ  اور  بڑی  طاقتیں  اسرائیلی  جارحیت  روکیں:عالمی اردو کانفرنس کی متفقہ قراردادیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سولہویں عالمی اردو کانفرنس کے اختتام پر منظور ہونے والی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیاہے کہ اقوام متحدہ اور موثر عالمی طاقتیں اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور فلسطین کو ایک پر امن خطہ بنانے کی ذمہ داری پوری کریں۔۔۔

 کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں اور عوام کے حقِ خود ارادیت اور ان کے آزادانہ اورجمہوری ماحول میں رہنے کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔ قراردادیں میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان کی مختلف زبانوں اور ان کے ادبیات کی ترقی کا کام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ،اس سلسلے میں حکومتوں کی مالی اور انتظامی ذمہ داریوں کی تکمیل ناگزیر ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جامعات میں اور ان کے باہر بھی تراجم کے ادارے قائم کیے جائیں۔ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان محمد احمد شاہ نے قراردادیں پڑھ کر سنائیں جن کو حاضرین نے ہاتھ کھڑے کر کے منظور کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ فلسطین کی آزادی کا مسئلہ حالیہ دنوں میں غزہ کے پر تشدد واقعات کی ہمرکابی میں ایک دفعہ پھر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے ۔ اسرائیل کی جارحیت، بربریت کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہے ۔غزہ تقریباً برباد ہو چکا ہے ، لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ، ہزاروں موت کی آغوش میں جا چکے ہیں۔ ہم نہ صرف فلسطین کے عوام، وہاں کے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ ہم خود بھی اپنی تحریروں اور اپنی تخلیقات کے ذریعے فلسطین کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے ، بلکہ ہماری خواہش اور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ اور موثر عالمی طاقتیں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی اور فلسطین کو ایک پر امن خطہ بنانے کی ذمہ داری کو پورا کریں۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً ساٹھ فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ حکومتوں اور وسائل یافتہ اداروں کا فرض ہے کہ وہ اس نسل کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے کے بہترین مواقع مہیا کریں۔تعلیم اور تحقیق کو سستا اور آئین کے مطابق سولہ سال تک کی تعلیم کو لازمی اور مفت بنانے کے فرض کو پورا کریں۔ اس سلسلے میں ضروری ہے کہ تعلیم کا بجٹ جو اس وقت جی ڈی پی کے دو فیصد سے بھی کم ہے ، اس میں اضافہ کیا جائے ۔ ایک اور قرارداد میں مطالبہ کیا کہ جامعات میں اور ان کے باہر بھی تراجم کے ادارے قائم کیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں