پابندی پر عمل نہ ہوسکا ملیر میں ریتی بجری کی چوری جاری ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
کراچی (رپورٹ :آغا طارق ) سندھ حکومت اور ہائیکورٹ سندھ کی جانب سے ملیر میں ریتی بجری کی چوری پر پابندی کے باوجود اسٹیل ٹاؤن کے علاقے آچار سالار گوٹھ میں ریتی بجری کی چوری کا سلسلہ کئی عرصے سے جاری ہے ۔
سالار گوٹھ میں 24 گھنٹے میں سیکڑوں ڈمپروں کے ذریعے ریتی بجری چوری ہونے لگی۔اس سلسلے میں حاصل کردہ معلومات کے مطابق سندھ حکومت اور ہائی کورٹ سندھ کی جانب سے ملیر میں ریتی بجری کی چوری پر مکمل طور پر بندش عائد کرنے کئی سال گزر جانے کے بعد نگراں حکومت کے آتے ہی ریتی بجری کی چوری ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئی ہے ۔ڈمپروں کے ذریعے ریتی بجری چوری ہونے سے مختلف گاؤں کی طرف جانے والے راستے پر روڈ ٹوٹ گئے ہیں اور سڑکوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ۔معلومات کے مطابق چوری میں مبینہ طور پرمحکمہ معدنیات کے اعلیٰ حکام مافیا کی سرپرستی کرتے ہیں جس کی وجہ سے مقامی پولیس کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہے ۔اس سلسلے میں ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کر کے سخت کارروائی کا حکم دوں گا ۔انہوں نے واضح کہا کہ ریتی بجری کی چوری میں کوئی بھی ملوث ہوگا ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی ۔ سماجی تنظیموں نے ریتی بجری کی چوری کی وجہ اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے خلاف نیشنل ہائی وے پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ہے ۔