سندھ میں لاڈلے مسلط ہوئے تو تحریک چلائیں گے ،راشد سومرو

سندھ میں لاڈلے مسلط ہوئے تو تحریک چلائیں گے ،راشد سومرو

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشدخالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں عام انتخابات میں لاڈلوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو جے یو آئی اور حکمران مخالف جماعتیں الیکشن کمیشن کے دفاتر،سابق حکمرانوں اور اسمبلیوں کا گھیراؤ کرکے تحریک چلائیں گی۔

لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں ہونے والی حلقہ بندیوں پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل جے یو آئی، ن لیگ، ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر حکمران جماعتوں نے اعتراضات اٹھائے مگر اعتراضات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک کر پیپلز پارٹی کے اعتراضات کو سنا گیا،جس کے باعث ہم صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کو فریق سمجھتے ہیں ،انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی الیکشن کمشنر نے ہمارے اعتراضات پر کان نہیں دھرے جبکہ سندھ میں 15 سال برسراقتدار رہنے والوں کی فرمائش پر 5 یوسیز کو پی ایس ایس 22 سے 11 میں رکھا گیا، جو ووٹرز کے ساتھ مذاق ہے ، پہلے روٹی،کپڑا، مکان پر ووٹ لیا گیا اور یہ نعرے دم توڑ گیا تو شہید وں کے نام پر ووٹ لینے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات بھی الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں جیتے تھے ، اب بھی وہ اسی طریقے سے جیتنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن نہ کرائیں کیوں کہ عوام سے مذاق کیاجارہاہے ،جے یوآئی نے اپنے مینڈیٹ کی چوری کو برداشت کیا لیکن اب نہیں کریگی۔ ہم نے لاڈلے کو بھی گھر بھیجا ہے ،اگر سندھ میں لاڈلہ لایا گیا تو اسمبلیوں اور سابق حکمرانوں کا گھیراؤ کرینگے، ہم جیلوں سے نہیں ڈرتے ۔ان کا کہناتھاکہ چیف الیکشن کمشنر کو ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے ، ن لیگ ،جے یو آئی کی درخواستوں پر نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ غیر جانبدرار ایس ایس پیز، ڈی آئی جیز اور کمشنر ز کو تعینات کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ نثار کھوڑو کو معلوم ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے چہیتے کون ہیں جو اقتدار سے باہر نہیں رہ سکتے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں