چھاپوں میں زخمی ڈاکو سمیت 8 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

چھاپوں میں زخمی ڈاکو سمیت 8 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں پولیس کے چھاپوں اور کارروائیوں کے دوران ایک زخمی ڈاکو سمیت 8 اسٹریٹ کرمنلز پکڑے گئے ۔

پولیس نے ہتھیار، موبائل فون اور موٹرسائیکلیں برآمد کی ہیں ۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گلبہار پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ناظم آباد پل کے مقام پر لوٹ مار میں ملوث ملزم اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا جوابی فائرنگ کے نتیجے میں گلبہار پولیس نے عبدالرحمن نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزم لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ تیموریہ پولیس نے لوٹ مار میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو کہ درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق دونوں ملزمان ہتھیار کے زور پرحیدری مارکیٹ اور اس کے اطراف سمیت لوٹ مار میں ملوث ہیں ملزمان میں وقار اور ہاشم شامل ہیں۔ جن سے اسلحہ ، چھینا گیا موبائل فون،4لاکھ روپے مالیت کی اشیاء اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے ۔ گڈاپ پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث ابراہیم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور سرجانی ٹاؤن سے چوری کی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔منگھوپیر پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی ڈکیت گینگ کودھرلیا۔ پولیس کے مطابق زیبو گوٹھ میں عدیل، ہنزلہ اور طفیل کو گرفتار کیاگیا ہے ۔ ملزمان سے اسلحہ ،چھینے گئے موبائل فون اور پیر آباد سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ۔ میٹھادر پولیس نے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث نعمان کو گرفتار کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں