سیاسی انتشار سے صورتحال ابتر ہوجائے گی،ثروت قادری
کراچی (آن لائن)صدر پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ موجودہ مسائل سے عوام کو نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔سیاسی جماعتوں کااتحاد ہی ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتا ہے ۔۔۔
تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اب فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔اگر سیاسی انتشار پھیلایا گیا تو ملک کے حالات مزید ابتر صورتحال اختیار کر جائیں گے ۔ مختلف جماعتوں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ ملک دشمن اور اسلام دشمن عناصر نہیں چاہتے کے ملک میں خوشحالی آئے ۔اسی لیے پروپیگنڈا کر کے اتحاد کو انتشار میں بدلنا چاہتے ہیں۔ہمیں اب پچھلی غلطیوں کو دہرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔عوام کو اب اپنے مستقبل کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔زبانی کلامی باتیں کرنے والوں کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کے بجائے اب کچھ کر کے دکھانا ہوگا۔پاکستان سنی تحریک نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پرلانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور انشااللہ ہم اپنے اس مقصد میں کامیاب ہو کر سرخرو ہوں گے ۔علمائے مشائخ بھی اس بات پر متفق ہیں کہ اسلام ملک اور قوم کی ترقی و فلاح وبہبود کے لیے مل کر کام کرنے سے ہی حالات بہتر ہوں گے ۔جب ملک میں صنعتیں لگیں گی تو نوجوان ملک و قوم کی ترقی کے لیے مزید بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔