نیو کراچی میں پارکس تباہ حالی کاشکار ،چار دیواری غائب

 نیو کراچی میں پارکس تباہ حالی کاشکار ،چار دیواری غائب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے بلدیاتی اداروں کی نااہلی و غفلت کے سبب نیو کراچی کے 16پارکس اجڑ گئے پارکس ہریالی سے محروم چار دیواری غائب ہوگئی۔۔۔

 ہر طرف دھول مٹی اور لائٹس بھی تباہ ہیں نیو کراچی ٹائون کی چالیس لاکھ سے زائد آبادی کو انتظامیہ سیر و تفریح کیلئے اچھے پارکس بناکر دینے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ایک سروے کے مطابق نیو کراچی میں پارکس تباہ حالی کا شکارہیں، بلدیاتی ادارے پارکس کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے فائلوں میں کام کروانے میں مصروف ہیں۔ نیو کراچی سیکٹر فائیو ای کے مکینوں نے دنیا نیوز کو بتایا کہ نیو کراچی ٹائون کی تقریباً چالیس لاکھ سے زائد آبادی ہے اور تمام سیکٹرز میں آبادیوں کے درمیان قائم 16پارکس بلدیاتی اداروں کی نااہلی و غفلت کے سبب اجڑ چکے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار پارکس کی تباہ حالی کی شکایات ماضی کی ڈی ایم سی اور موجودہ ٹائون انتظامیہ کو کرچکے ہیں لیکن متعلقہ بلدیاتی اداروں کے حکام نے آج تک ایک بھی پارک کی حالت میں بہتری لانے کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ پارکس نہ ہونے کی وجہ سے بچے کھیلنے کیلئے پریشان رہتے ہیں اور تو اور خواتین کو چہل قدمی اور سیر تفریح کیلئے بھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ ہر طرف دھول مٹی ہوتی ہے آوارہ کتے ہر وقت پارکس کی حدود میں نظر آتے ہیں،اصل صورتحال یہ ہے کہ اب صرف پارکس کی جگہ پر بنجر زمین ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں