2کروڑ کے موبائل فونز لوٹ لیے گئے

2کروڑ  کے  موبائل  فونز  لوٹ  لیے  گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کی شاہراہ فیصل پر نجی کوریئر کمپنی کی موبائل فونز سے بھری گاڑی کو لوٹ لیا گیا۔

واقعہ فیروز آباد تھانے کی حدود میں قائم ہیبٹ کے قریب پیش آیا۔جہاں ہفتے کی شب ساڑھے دس بجے کے قریب مسلح ملزمان نے مبینہ طور پر نجی کوریئر کمپنی کی گاڑی سے بھاری مالیت کے درجنوں موبائل فون لوٹ لیے ۔نجی کوریئر کمپنی کی انتظامیہ کے مطابق کوریئر کمپنی کی وین صدر اسٹار سٹی مال سے موبائل فون لے کر کمپنی کے ہیڈ آفس پی ای سی ایچ ایس جانے کے لیے نکلی تھی،نجی کوریئر کمپنی کی ڈیلیوری وین کو شارع فیصل پر موٹر سائیکل اور لوڈر پک اپ میں سوار ملزمان نے روکا،ملزمان نے وین کے ڈرائیور کو اتارا اور کوریئر کمپنی کی گاڑی لے کر فرار ہوگئے ڈرائیور نے ہیڈ آفس پہنچ کر واردات کی اطلاع دی تاہم ٹریکر کی مدد سے ڈلیوری وین کا سراغ لگایا گیا، ڈلیوری وین تھانہ ٹیپو سلطان کے علاقے پارسا ٹاور کے قریب لاوارث حالت میں ملی کوریئر کمپنی کا عملہ ڈیلیوری وین پر پہنچا تو وین خالی تھی۔واقعے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق وین کے ڈرائیور کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے ، وین ڈرائیور کی جانب سے واردات کا وقت سوا دس بجے رات بتایا گیا، وین میں موبائل فون کے 35 کاٹن تھے ، ایک کاٹن میں دس سے بارہ موبائل فون تھے ، موبائل فون کی مالیت لگ بھگ دو کروڑ کے قریب بتائی گئی ہے ، جائے واردات کے حوالے سے اطراف میں کسی کو علم نہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب لانڈھی میں ڈیری فارم سے کروڑوں روپے مالیت کی 94 بھینسیں اور گائے ملزمان اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہو گئے ، واقعے کا مقدمہ لانڈھی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے ۔ مدعی مقدمہ کے مطابق بیس سے پچیس مسلح ملزمان نے واردات کی، ملزمان کے پاس کلاشنکوف رپیٹر اور پسٹل موجود تھے ، ملزمان تین ٹرکوں میں آئے مالک اور ملازمین کو رسیوں سے باندھ دیا، مسلح ملزمان رات کے اندھیرے میں واردات کرکے فرار ہوگئے، چھینی گئی بھینسوں کی قیمت کروڑوں روپے بنتی ہے ، مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میں واردات کرنے والے چار ملزمان کو پہچانتا ہوں جن میں منظور چانڈیو، اختر چانڈیو، ولی جان چانڈیو اور ارشد بروہی واردات میں شامل تھے ، ملزمان جانوروں کے ساتھ میرے ایک ملازم کو بھی لے گئے ہیں، پولیس نے ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں