پانی کی لائن کے جھگڑے میں چار بچوں کا باپ قتل

پانی کی لائن کے جھگڑے میں چار بچوں کا باپ قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد بلاک 3 میں پانی کے غیر قانونی کنکشن کے تنازع پر جھگڑے میں گولیاں چل گئیں۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ۔مقتول کی شناخت 45 سالہ عاصم الرحمان کے نام سے ہوئی ۔۔

جبکہ زخمیوں میں مقتول کا بھائی نوید الرحمان اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کا ساتھی شعیب شامل ہے ۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کے زخمی بھائی نوید الرحمان کی مدعیت میں تھانہ ناظم آباد میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں مدعی نے بیان دیا کہ نامزد ملزمان اویس، نعمان اور ان کا والد برکت بلڈر کا کام کرتے ہیں۔ ملزمان گلی کے کونے سے گزرنے والی واٹر بورڈ کی لائن سے غیر قانونی کنکشن لے رہے تھے جس پر اہل محلہ نے انہیں منع کیا تو ملزمان واپس چلے گئے۔ مدعی نے بتایا کہ نامزد ملزمان رات دو بجے دوبارہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر کے نیچے آئے اور اس کے بھائی   کوتشدد کا نشانہ بنانے لگے ۔ملزم کے ہاتھوں میں پستولیں تھیں جس سے انہوں نے فائرنگ کی۔ ایک گولی مدعی کے سر کے اوپر سے ہوتی ہوئی پیچھے کھڑے اس کے بھائی عاصم کے چہرے پر لگی جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔مقتول چار بچوں کا باپ اور سنار کا کاروبار کرتا تھا۔  مقدمے میں نامزد ایک ملزم برکت کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں