اسامہ قتل کیس میں ملزم عباد کی درخواست ضمانت مسترد

 اسامہ قتل کیس میں ملزم عباد کی درخواست ضمانت مسترد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت نے شادی سے ایک دن پہلے دوستوں کے ہاتھوں لڑکی کے معاملے پر اسامہ کے قتل کیس میں ملزم عباد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت نے شادی سے ایک دن پہلے دوستوں کے ہاتھوں اسامہ کے قتل کیس میں ملزم عباد کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ایف آئی آر میں نام نہیں مگر ملزم کا اس قتل میں کردار نظر آرہا ہے ،فیصلہ تمام شواہد کو سامنے رکھ کر کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزم کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں ہے ۔ وکیل صفائی نے موقف دیا تھا کہ واردات کے وقت ملزم اپنے دفتر میں موجود تھا۔ مدعی نے ملزم کو ضمانت دینے پر کسی قسم کا اعتراض نہ ہونے کی دستاویز جمع کروائی ہے ۔ پراسیکیوٹر محمد اشرف بھٹی نے موقف اپنایا تھا کہ ملزم نے مرکزی ملزم طلحہ ٰ کے ساتھ ملکر منصوبہ بنایا۔سی ڈی آر میں بھی آیا ہے کہ ملزم مرکزی ملزم سے رابطے میں تھا، صرف اس دستاویز کی بنیاد پر کسی کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے استغاثہ کے دلائل کو تسلیم کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔پولیس کے مطابق ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے ، دیگر ملزمان میں طلحہ ٰ اور راحیل شامل ہیں۔ واقعہ 19 جنوری کو پیش آیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ عوامی کالونی میں درج ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں