ڈاکوؤں کی شہری سے 5لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش

 ڈاکوؤں کی شہری سے 5لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش

کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر قائد میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے شہری سے پانچ لاکھ روپے لوٹنے کی کوشش کی ، مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔

 متاثرہ شہری کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو بھی زخمی حالت میں فرار ہوگئے جنہیں اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دندناتے ڈاکو موت بانٹنے لگے ، لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن میں شہری احسان اپنے دوست کے ہمراہ گاڑی میں پیسے گن رہا تھا کہ موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے دھاوا بول دیا۔ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کردی اور جاتے ہوئے رقم بھی چھین لی۔ایس ایس پی ملیر طارق الہی مستوئی کے مطابق متاثرہ شہری رقم بینک سے لے کر گھر پہنچا تھا اور گاڑی میں رقم گن رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان آگئے ۔ چھینا جھپٹی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں احسان اس کا دوست اور راہگیر خاتون زخمی ہو گئی۔ احسان کے پاس بھی گن تھی جس پر اس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو زخمی حالت میں اسلحہ گلی میں پھینک کر فرار ہوگئے جنہیں اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی جبکہ لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کے حوالے سے کوششیں کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں