گیس قلت:عوام کا جینا دشوار، صبح و شام انتظار مقدر بن گیا

 گیس قلت:عوام کا جینا دشوار، صبح و شام انتظار مقدر بن گیا

کراچی(سٹی ڈیسک)کراچی کے شہریوں کو گیس کی دستیابی کے مسائل نے پریشانی میں مبتلا کردیا،شدید گیس بحران کے باعث عوام کا جینا دشوار اور صبح و شام انتظار ان کا مقدر بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمشیدروڈ ،پی آئی بی کالونی ،جیکب لائن،ناظم آباد،شاہ فیصل کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کو ناشتے سے لے کر دوپہر اور رات کے کھانے تک گیس کی دستیابی کے مسائل کا سامنا ہے ۔اورنگی ٹاؤن، کورنگی، کیماڑی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، گلشن اور ڈیفنس سمیت شہر کا کوئی ایسا ضلع نہیں جہاں شہری گیس کی بندش یا قلت کے باعث اذیت میں مبتلا نہ ہوں۔ناشتہ اور کھانا تیار نہ ہونے سے خواتین پریشان ہوگئی ہیں جب کہ دوسری جانب گیس بحران کی وجہ سے گھر یلو بجٹ بھی بڑھ گیاہے ، غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کے لیے بازار سے روٹی روز خریدنا مشکل ہوگیاہے ۔سیلنڈر میں گیس بھروائیں تو جیب پر بوجھ، اگر باہر سے کھانا منگوائیں تو بھی بجٹ آؤٹ، کیا کریں،کیا نہ کریں،کراچی والے اس وقت عجیب کشمکش میں مبتلا ہیں۔اسی طرح کئی علاقوں میں گیس پریشر اس قدر کم ہے کھانا پکانے میں صبح سے شام ہوجائے مگر پھر بھی کھانا تیار نہ ہو جب کہ کم پریشر کی وجہ سے گیزر اور ہیٹر تو چل ہی نہیں رہے ۔ کراچی میں کہیں گیس بالکل غائب ہے تو کہیں پریشر انتہائی کم ہے جس کے نتیجے میں گھریلو صارفین، پکوان سینٹرز اور ہوٹل مالکان سب ہی پریشان دکھائی دیتے ہیں،اسی کے ساتھ پیداواری صنعتیں بھی گیس بحران کی زد میں آگئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں