ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے طلبا5ماہ سے نتائج کے منتظر

ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے طلبا5ماہ سے نتائج کے منتظر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سرکاری کالجوں کے اساتذہ کی غفلت و لاپرواہی کے سبب ایسوسی ایٹ ڈگری کے نئے شروع کیے گئے پروگرام کاپہلا بیچ تاحال فارغ التحصیل (پاس آؤٹ )نہیں ہوسکا۔ پروگرام کوشروع ہوئے تین برس ہوگئے ۔۔

 تاہم سرکاری کالجوں کے درجنوں اساتذہ ایسے ہیں جنہوں نے ایسوسی ایٹ ڈگری (کامرس، آرٹس اورسائنس)کی امتحانی کاپیاں جانچ کرتاحال جامعہ کراچی کے حوالے نہیں کی ہیں لہذاان کے نتائج جاری نہیں ہوپارہے ۔ایسوسی ایٹ ڈگری کے سالانہ امتحانات گزشتہ برس ستمبر 2023میں لیے گئے تھے اورامتحانات کے انعقاد کے ساتھ ہی امتحانی کاپیاں متعلقہ اساتذہ کے حوالے کی جاتی رہیں، تاہم اساتذہ یہ کاپیاں لیے بیٹھے رہے اورکاپیاں چیک کیں نہ ہی نتائج جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کے حوالے کیے ۔ محتاط اندازے کے مطابق اگرہزاروں نہیں توبھی کم از کم ایک ہزارسے زائد طلبا ایسے ہونگے جوان نتائج کے بروقت اجراء نہ ہونے کے سبب فی الحال اپنی تعلیم آگے جاری نہیں رکھ سکے اورچارسالہ ڈگری کے حصول کی خواہش کے باوجود بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلے نہیں لے سکیں گے ۔جامعہ کراچی یہ داخلے مکمل کرکے اپنے نے سیشن 2024 کا آغاز بھی کرچکی ہے تاہم ایسوسی ایٹ ڈگری کے امتحانی نتائج کے منتظر طلبا اس سیشن میں جانے سے محروم رہ گئے ۔ جامعہ کراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات شاہد زیدی کاکہنا تھاکہ وائس چانسلرکی ہدایت پر ہم نے ایسے اساتذہ کونوٹسز جاری کیے ہیں جوامتحانی کاپیاں لیے بیٹھے ہیں جس کے بعد اب اساتذہ نے نتائج بھجواناشروع کیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں