مسترد شدہ پارٹیوں کو ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی،ایم کیوایم

مسترد شدہ پارٹیوں کو ہماری کامیابی ہضم نہیں ہو رہی،ایم کیوایم

حیدر آباد(نمائندہ دنیا)ایم کیو ایم پاکستان کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے عوام آج بھی ایم کیو ایم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر دور میں رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی الیکشن میں کامیابی مسترد شدہ پارٹیوں کو ہضم نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر کہا کہ حالیہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پورے سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاج ہورہا ہے ، پیپلز پارٹی نے سندھ بھر میں دھاندلی کے ریکارڈقائم کیے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 8 فروری کے الیکشن میں پی پی نے الیکشن کمیشن سے ملکر من پسند علاقے اس حلقے میں شامل کروائے اور پولنگ اسٹیشنز بھی اپنے مطابق بنوائے۔ ان کاکہناتھاکہ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف کے امیدوار ایم کیو ایم دشمنی میں مل جل کر الیکشن لڑ رہے تھے اور دونوں امیدواروں کے کارکنان نے پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کیا ، ایم کیو ایم کے پولنگ ایجنٹس کو مارپیٹ کے باہر نکال دیا جبکہ رات گئے تک کئی پولنگ اسٹیشنز پر عملہ کو یرغمال بنا کر جعلی ووٹ بھگتائے گئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی نتائج کے آتے ہی سوشل میڈیا پرپی پی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اُ میدواروں نے اپنی جیت کے دعوے کرنا شروع کر دیے اور شہر بھر میں یہ تاثر دیا کہ وہ جیت چکے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ آفس پر حق پر ست اُمیدواروں نے رات 2 بجے پریس کانفرنس کی کیوں کہ اس وقت 70 سے 80 فیصد نتائج آ چکے تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں