سوک سینٹر کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنیکی ہدایت

سوک سینٹر کی تزئین و آرائش جلد مکمل کرنیکی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)سید مقبول باقر اور نگراں وزیربلدیات سندھ مبین احمد جمانی ادارہ ترقیات کراچی کو سوک سینٹر بلڈنگ کی تزئین و آرائش کی مد میں 50 کروڑ روپے کی ون ٹائم گرانٹ کی منظوری کیلئے کردار ادا کریں۔

گرانٹ کی مد میں حاصل کردہ رقم سے مذکورہ بلڈنگ کی بیوٹی فکیشن، لفٹوں کی تبدیلی، واش رومز کی مرمت، رنگ و روغن سمیت سیوریج سسٹم کے نظام کو درست کیا جاسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے سوک سینٹر بلڈنگ میں جاری تزئین و آرائش اور بلڈنگ کے اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوک سینٹر بلڈنگ کی تزئین و آرائش کا عمل جلد مکمل کیا جائے ، اس ضمن میں متعلقہ حکام ترقیاتی کاموں کو تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل کا بھرپور استعمال کریں۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کو جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے چیف انجینئر طارق رفیع کو احکامات جاری کئے کہ افرادی و مشینری قوت میں مزید اضافہ کرکے مقررہ مدت سے قبل ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو حکومت سندھ کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے ۔نگراں وزیراعلیٰ کے خصوصی احکامات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سوک سینٹر بلڈنگ کی تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے ۔ سوک سینٹر بلڈنگ میں سیکورٹی کے مزید سخت اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں