محکمہ تعلیم کا الیکشن ڈیوٹی نہ کرنے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ، ڈیٹا طلب

محکمہ  تعلیم  کا  الیکشن  ڈیوٹی   نہ  کرنے  والے   اساتذہ  کیخلاف  کارروائی  کا  فیصلہ  ،  ڈیٹا  طلب

کراچی (احسن چانڈیو)محکمہ تعلیم سندھ نے ایکشن میں ڈیوٹی نہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا، ڈائریکٹر اسکولز نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران سے الیکشن میں غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کا ڈیٹا فوری طور پر طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن میں ڈیوٹی نہ کرنے والے اساتذہ کیشامت آگئی ۔

 محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے الیکشن میں ڈیوٹی کے فرائض انجام نہ کرنے پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر اسکولز یار محمد بالادی نے شہر بھرکے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو الیکشن میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے نام طلب کر لئے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو تین روز میں تفصیلات اکٹھا کر کے ڈائریکٹر آفس میں جمع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔اس سلسلے میں ڈیٹا ملنے کے بعد تمام غیر حاضر اساتذہ کو پہلے مرحلے میں شوکاز نوٹس جارے کئے جائیں گے ،اس کے بعد سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے ڈائریکٹر اسکولز یار محمد بالادی نے کہا ہے کہ الیکشن میں ڈیوٹی دینا قومی فریضہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل ہی تمام اساتذہ کو ان کی ڈیوٹی سے آگاہ کردیا گیا تھا جب کہ ان کی ٹریننگ سیشن بھی کرائے گئے تھے ، اس کے باوجود متعدد اساتذہ نے نہ توٹریننگ میں شرکت کی اور نہ ہی الیکشن والے دن اپنے فرائض سر انجام دیے ۔ڈائریکٹر اسکولز یار محمد بالادی نے مزید کہا کہ ایسے غیر ذمہ دار اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں