نگراں حکومت عوام پر مہنگائی کی بمباری کررہی ہے ،حسین محنتی

نگراں حکومت عوام پر مہنگائی کی بمباری کررہی ہے ،حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے نگراں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا ہے ۔

 انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ نگراں حکومت کا اصل کام صاف وشفاف انتخابات کراکے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے سے کرنا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام رہی بلکہ قوم کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے میں برابر کی شریک ہے ،نگراں حکومت بجلی،گیس،پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر مسلسل مہنگائی کی بمباری کررہی ہے ، عملی طور پر یہ سابقہ لوٹ مار اور عوام کا خون چوسنے والی حکومتوں کا تسلسل ثابت ہوئی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔دوسری جانب صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے جماعت اسلامی شاہپور چاکر کے امیر مسرور احمد خان اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو وکیل شبیر عمرانی کی جانب سے ہراساں کرنے اور مختلف تھانوں میں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسرور احمد خان اور ان کی فیملی کی جان و مال کو تحفظ فراہم کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں